بھٹکل 29/اپریل (ایس او نیوز) یہاں بھٹکل تعلقہ کے ساگر روڈ کے کِترے نامی مقام پر آج صبح پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی تھی، جبکہ محمد نواز ابن محمد اسلم ملپا (19) کو شدید زخمی حالت میں اُڈپی کے آدرش اسپتال منتقل کیا گیا تھا، مگر دوپہر ہونے تک اطلاع موصول ہوئی کہ وہ بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ہے۔انا للہ و اناالیہ راجعون۔ اس طرح اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد اب بڑھ کر دو ہوگئی ہے۔
سیفان کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ چار دوست سیفان ، نواز، عُبیر اور رضان کل رات قریب گیارہ بجے اپنے ایک دوست کی کار لے کر ہوناور کے راستے ماون گونڈی گئے تھے، جبکہ دیر رات کو ہی ماون گونڈی سے ساگر روڈ کے راستے واپس بھٹکل آرہے تھے، کہ ساگر روڈ پر کِترے نامی مقام پر ان کی کار غالباً نیند کے غلبے کی وجہ سے بے قابو ہوگئی اور تیز رفتاری کے ساتھ سڑک کے باہر ایک درخت سےٹکراگئی۔ ٹکر اتنی شدیدتھی کہ کار ڈرائیونگ کرنے والا سیفان ابن جعفر کڈ۔دری (19) نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ کار کے اگلے حصے کے پرخچے اُڑ گئے ۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ اگلی سیٹ پر سوار نواز ملپا جو شدید طور پر زخمی ہوا تھا، وہ بھی بعد میں انتقال کرگیا۔
بتایا گیا ہے کہ حادثہ قریب چار سے ساڑھے چاربجے کے درمیان پیش آیا ، فوری طور پر جب مدد نہیں ملی تو بھٹکل کے کچھ نوجوان اپنی بائک کے ذریعے موقع واردات پر پہنچ گئے، خبر ملی ہے کہ شدید طور پر زخمی نواز ملپا کو بھٹکل سے اُس کے ایک قریبی رشتہ دار ناظم مومن نے اپنے ایک ساتھی کی مدد سے بائک پر بٹھا کر ہی بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں سے ضروری طبی امداد کے بعد اُسے فوری طور پر اُڈپی کے آدرش اسپتال لے جایا گیا۔جبکہ سیفان کی میت بعد میں ایمبولنس پر بھٹکل لائی گئی۔
بھٹکل سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعدسیفان کی میت گھروالوں کے حوالے کی گئی ، جس کے بعد نوائط کالونی تنظیم جامع مسجد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد نوائط کالونی قبرستان میں ہی تدفین عمل میں آئی۔ بتایا گیا ہے کہ سیفان ایک نجی انسٹی ٹیوٹ میں سکینڈ پی یو سی کا طالب العلم تھا۔
خبر ملی ہے کہ محمد نواز کی میت شام 5:30 بجے اُڈپی سے بھٹکل کے لئے روانہ ہوگئی ہے، میت کو سیدھے بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا جائے گا، اور شام ٹھیک 7:30 بجے سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم ہوگا۔
خیال ر ہے کہ حادثے میں دیگر دو ساتھی کار کی پچھلی سیٹ پر سوار تھے، جس کی وجہ سے وہ دونوں محفوظ رہ گئے۔
اس سے قبل شائع رپورٹ:
بھٹکل ساگر روڈ پر کار درخت سے ٹکراگئی؛ ایک نوجوان جاں بحق دوسرا شدید زخمی